پاکستان کے وزیر محنت و افرادی قوت سید خورشید احمد شاہ نےقومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ٹیکس نادہندگان میں بارہ نجی ٹی وی چینلز بھی شامل ہیں اور ان کی طرف حکومت کے تقریباً پونے تین ارب روپے کے ٹیکس بقایاجات ہیں۔
جمعہ کو حکومت اور حزب مخالف کے بعض اراکین کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اِن ٹی وی چینلز نے یہ رقم اشتہارات کے مد میں حاصل تو کی ہے لیکن حکومت کو ادا نہیں کر رہے۔
خورشید شاہ کے مطابق ٹیکس نادہندگان میں سرِفہرست جیو ٹی وی ہے جس کے ذمے ایک ارب ارسٹھ کروڑ روپے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ اے آر وائی ون انتالیس کروڑ ستر لاکھ روپے، ٹی وی ون آٹھ کروڑ، پلے ٹی وی دو کروڑ، سماء ٹی وی ایک کروڑ اڑتیس لاکھ، ہم ٹی وی ستاون لاکھ، انڈس ٹی وی سولہ کروڑ جبکہ ایم ٹی وی ساٹھ کروڑ روپے کا ڈیفالٹر ہے۔
اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار اعجاز مہر کا کہنا ہے کہ توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے پوچھا گیا تھا کہ ایک کروڑ یا اس سے زیادہ رقم کے ٹیکس نادہندگاں کی فہرست میں کون کون شامل ہیں اور ان کے نام ایوان میں پیش کریں لیکن ایوان میں مالیات کے وزیر کی جگہ جواب دیتے ہوئے سید خورشید شاہ نے صرف میڈیا گروپس کے نام پیش کیے اور بتایا کہ کسٹم ڈیوٹی کے مد میں تراسی افراد/ کمپنیوں کے ذمے چالیس کروڑ روپے کے ٹیکس بقایاجات ہیں۔
No comments:
Post a Comment