Monday, June 14, 2010

’ورلڈ کپ ٹرافی ٹھوس سونے کی نہیں‘

ایک برطانوی پروفیسر نے دعویٰ کیا ہے کہ فٹبال کے عالمی کپ کی ٹرافی اگر ٹھوس سونے سے بنی ہوئی ہوتی تو اس کا وزن ستر کلوگرام تک ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ زیادہ وزن کی وجہ سے کھلاڑی اسے اتنی آسانی سے اٹھا نہیں سکتے جس طرح نظر آتا ہے۔

برطانیہ کی نوٹنگھم یونیورسٹی میں کیمسٹری کے پروفیسر مارٹن پولایا کوف نے کہا ہے کہ عالمی کپ کی ٹرافی کی لمبائی چودہ انچ ہے اور یوں اگر یہ ٹھوس سونے کی ہے تو اس کا وزن ایک جوان آدمی کے وزن کے برابر ستر سے اسی کلوگرام تک ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ٹرافی کے اوپر سونے کی تہہ ہو اور باقی کوئی اور دھات ہو۔ ’ ہو سکتا ہے کہ ٹرافی کے اوپری حصے پر جو دنیا کا ماڈل بنا ہوا ہے وہ اندر سے خالی ہو، کیونکہ یہ اتنی ہلکی ہے کہ کھلاڑی اپنے سروں کے اوپر لہراتے ہیں، اور یہ سونے کا بہت بڑا ضیاع ہے۔‘

انھو نے کہا کہ عین ممکن ہے کہ مکمل ٹرافی یا اس کا کوئی حصہ اندر سے کھوکھلا ہو۔

خیال رہے کہ فٹ بال کی نگران تنظیم فیفا کا کہنا ہے کہ سنہ انیس سو چوہتر میں تیار کی جانے والی ٹرافی ٹھوس سونے سے بنائی گئی ہے۔

فیفا نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ٹرافی کا وزن چھ اعشاریہ ایک سات پانچ کلوگرام ہے۔ اس میں سے چار اعشاریہ نو کلوگرام خالص سونا ہے جبکہ دو تہہ کم مالیت کے پتھروں کی ہیں۔

فیفا کے قانون کے مطابق عالمی کپ جیتنے والا ملک ٹرافی اپنے ساتھ لے کر نہیں جا سکتا بلکہ فاتح ٹیم کو ٹرافی کی نقل دی جاتی ہے۔

No comments:

Post a Comment