Friday, August 6, 2010

محمد رفیع کےنام سے میوزک اکیڈمی

ہندوستان کے مایہ ناز گلوکار محمد رفیع کی تیسویں برسی کے موقع پر ان کے بیٹے شاہد رفیع نے اپنے والد کے نام سے بطور یادگار میوزک اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شاہد رفیع کے مطابق یہ ان کی اور ان کے پرستاروں کی جانب سے اس عظیم گلوکار کو خراج عقیدت ہوگا۔

اکتیس جولائی کو رفیع کی تیسویں برسی ہے اور اس موقع پر ممبئی کے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں شاہد رفیع اپنے والد کی یاد میں ایک کنسرٹ کر رہے ہیں۔ رفیع مرحوم کے نغموں سے سجی اس شام میں انڈسٹری کے کئی بڑے فنکار شریک ہوں گے۔

شاہد رفیع کے مطابق اس میوزک اکیڈمی میں رفیع کے نغموں کی لائبریری کے علاوہ ان کی نایاب نادر تصاویر اور ان کے وہ نغمے ہوں گے جو کسی کمپنی نے کبھی ریلیز نہیں کیے۔ ’یہ میوزیم میرے والد کے پرستاروں کو ان کی یاد دلائے گا‘۔

شاہد رفیع کے مطابق وہ ایک عرصہ سے اپنے والد کی یاد میں میوزک اکاڈمی بنانا چاہتے تھے کیونکہ وہ جب بھی دنیا کےکسی کونے میں گئے ہر جگہ لوگوں نے ان سے یہی خواہش ظاہر کی۔ان کے مطابق ان کے والد کی تیسویں برسی اس کے لیے ایک صحیح وقت ہے۔

No comments:

Post a Comment