Thursday, April 8, 2010

’شعیب ملک نے عائشہ کو طلاق دے دی‘


کرکٹر شعیب ملک نے شادی کی مسلسل تردید کے بعد عائشہ صدیقی کو طلاق دے دی ہے۔ طلاق کا یہ فیصلہ حیدر آباد دکن کی اہم مسلم شخصیات کی ثالثی کے بعد طے پایا ۔

منگل کی رات بھر مسلم برادری کی بعض اہم شخیصات کی موجودگی میں شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کے خاندان کے لوگوں سے مصالحت کی بات چیت چلتی رہی۔
ثالثی میں حصہ لینے والے میجر قادری نے بدھ کی صبح ایک پریس کانفرنس مین بتایا کہ ایک قاضی کی موجودگی میں صبح شعیب نے طلاق کے کاغذات پر دستخط کر دیے۔
میجر قادری نے بتایاکہ دونوں خاندانوں پر زبردست دباؤ تھا کیونکہ ایک انتہائی ناقابل قبول حالت پیدا ہو گئی تھی۔ اسی لیے برادری کی اہم شخصیات اور علماء کو دخل دینا پڑا۔
پریس کانفرنس میں عائشہ کی والدہ محترمہ فریسہ بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا ’میری بیٹی کی جو خواہش تھی کہ اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے حل کیا جائے وہ بزرگوں کی مدد سے حل ہو گیا ہے۔ ہم بہت خوش ہیں۔ عائشہ بہت خوش ہے۔‘
دونوں جانب سے بات جیت میں حصہ لینے والے عابد رسول خان نے بتایا کہ مصالحت کے بعد عائشہ نے شعیب ملک کے خلاف تمام معاملات واپس لینے کی درخواست دے دی ہے۔
دہلی سے ہمارے نامہ نگار شکیل اختر نے بتایا کہ میجر قادری نے بتایاکہ اس تنازعہ کے حل میں کسی طرح کا کوئی لین دین نہیں ہوا ہے۔ ’اسلامی شریعت کے مطابق طلاق کے بعد عائشہ کو پانچ ہزار روپئے فی ماہ کے حساب سے صرف پندرہ ہزار روپئے دیے گئے ہیں۔‘
انہون نے کہا کہ اس تنازعے کے حل میں نہ کسی کی جیت ہوئی ہے اور نہ ہی کسی کی ہار ۔’اس واقعے سے دونوں ملکوں میں برادری کی بدنامی ہو رہی تھی۔ ہمیں خوشی ہے یہ معاملہ حل ہو گیا۔‘
پریس کانفرنس میں شعیب اور عائشہ موجود نہیں تھے۔ ثالثین نے دونوں فریقوں کی طرف سے میڈیا سے بات کی۔

No comments:

Post a Comment